پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ فلم ‘میرا لیاری’ بالی وڈ فلم دھریندر کی ریلیز سے قبل شوٹ کی گئی تھی۔
حال ہی میں عائشہ عمر نے جیو پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان مبشر ہاشمی کے سوالوں کا جواب دیا۔
پاکستان مخالف بالی وڈ فلم دھریندر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی فلم ‘میرا لیاری’ دھریندر کی ریلیز سے قبل شوٹ ہو چکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ دھریندر ایک پروپیگنڈا فلم ہے، جس میں غلط تاثر دیکھا گیا ہے، ہماری فلم ‘میرا لیاری’ میں کچھ بھی جھوٹا بیانیہ نہیں ہے، جس طرح کا لیاری ہے ہم نے ویسا ہی دکھایا ہے، مسائل ہیں وہ بتائے ہیں اور حقیقت دکھائی گئی ہے۔
کام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عائشہ عمر نے کہا کہ ماڈلنگ اور اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈکشن میں بھی کام کیا، پروڈکشن ایک مشکل کام ہے، میری کوشش یہی ہوتی تھی کہ سب کا خیال رکھا جائے لیکن مجھے پینٹنگ کرنا بہت پسند ہے، وہ میری پہلی محبت ہے کیونکہ میں نے نیشنل کالج آف آرٹس سے پینٹنگ میں ڈگری حاصل کی ہے، میری زندگی کے 22 سال میں صرف پینٹنگ تھی، اداکاری میں سیفٹی کے مسائل رہے ہیں۔




































