امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی ٹکسال نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والا خصوصی ایک ڈالر کا سکہ جاری کردیا ہے۔ یہ سکہ امریکی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے تیار کیا گیا ہے۔
خصوصی سکے کے اگلے حصے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ’’LIBERTY‘‘ اور ’’1776 ~ 2026‘‘ درج ہے، جبکہ دوسری جانب امریکی عظیم مہر (Great Seal) دکھائی گئی ہے۔ سکے پر ’’E PLURIBUS UNUM‘‘ بھی درج ہے۔
یہ سکہ سنہری رنگ کی فنش کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور اس کی قانونی مالیت ایک ڈالر ہے، تاہم اسے عام گردش میں لانے کے بجائے بنیادی طور پر یادگاری اور کلیکٹر آئٹم کے طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ 25 سکوں کا رول 61 ڈالر جبکہ 100 سکوں کی تھیلی 154.50 ڈالر میں فروخت کی گئی۔
سکے کی ریلیز کے چند ہی گھنٹوں بعد امریکی ٹکسال کی ویب سائٹ پر بعض پیکجز دستیاب نہیں رہے اور 25 سکوں کے رول بیک آرڈر پر چلے گئے، جس سے اس میں خریداروں کی دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔
ٹرمپ کی تصویر والے سکے کی منظوری نے قانونی اور سیاسی بحث بھی چھیڑ دی ہے، کیونکہ امریکی قانون میں عموماً زندہ شخص کی تصویر کرنسی پر استعمال کرنے پر پابندی ہے۔ حکام نے اس خصوصی یادگاری سکے کے لیے موجود قانونی اختیار اور تاریخی مثالوں کا حوالہ دیا ہے۔

