لاہور(کرائم رپورٹر)اسلام پورہ میں خاتون ارشم مقصود کی 3ستمبر کو فلیٹ سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوا۔ جس کے بعد پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ترجمان ڈیآئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے نامزد ملزم اکرم سمیت 2افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے واقعہ کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مختلف پہلوئوں سے تفتیش شروع کی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ زیر حراست افراد کے واقعہ میں ممکنہ کردار کا تعین شواہد کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوچکی ہے۔ رپورٹ کو تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ، موقع سے ملنے والے شواہد اور دیگر حقائق کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ خاتون کی موت خودکشی تھی یا کسی اور پہلو کا شاخسانہ، پولیس مختلف زاویوں سے جانچ کر رہی ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تمام پہلوئوں کی مکمل چھان بین اور شواہد کی روشنی میں حتمی نتیجے تک پہنچا جائے گا۔
