تہران، بیجنگ(نیوز ایجنسیاں )چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے رابطہ کیا ہے جس میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی خبر رساں ا دارے تسنیم کے مطابق عباس عراقچی کا دورہ چین کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے جس میں علاقائی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی ہے۔ یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں سکیورٹی اور سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ ایران اور ترکیہ مختلف علاقائی معاملات پر مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔پورٹ کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بعد اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کر کے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطی اور خطے کو درپیش اہم مسائل سمیت حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور مشاورت کو کامیاب قرار دے دیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ چین میں شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کامیاب رہی۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایران چین کے ساتھ قائم اسٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آج کے فیصلے خطے میں مستقبل کے اسٹریٹجک توازن کا تعین کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ فیصلوں کے خطے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے امن کے لیے پیش کیے گئے چار اصول اہم ہیں۔
فیلڈ مارشل
