پشاور(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس سے ملاقات ہوئی۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پنجاب میں سٹریٹ موومنٹ اور پنجاب حکومت کے اقدامات پر قائدین کو تفصیلی بریفنگ دی، محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پرامن سٹریٹ موومنٹ کو سراہا۔قائدین نے پنجاب حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں اور جمہوری آوازوں کے خلاف اقدامات کی شدید مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال جمہوری اقدار اور آئینی آزادیوں کے منافی ہے۔ملاقات میں 27ستمبر کے مارچ اور آئندہ کی سیاسی و جمہوری حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائدین نے کہا کہ 27ستمبر کا مارچ مکمل طور پر پرامن، آئینی اور جمہوری ہوگا، عوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے لیے 27ستمبر کو سڑکوں پر نکلیں گے، صوبوں کے آئینی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کے تحفظ اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام کے لیے جمہوری قوتوں کا متحد ہونا ضروری ہے، آئین اور جمہوری اصولوں کے دفاع کے لیے واضح اور موثر سیاسی کردار ناگزیر ہے۔
سہیل آفریدی
