لاہور (این این آئی)سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے افسران نے پی ڈی ایم اے پنجاب کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر و چیئر مین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز، فارن سروسز، پاکستان پولیس سروس و دیگر سروسز کے افسران وفد میں شامل تھے۔ افسران نے پری فلڈ اور پوسٹ فلڈ اقدامات بارے معلومات حاصل کیں۔ وفد نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے نظام بارے آگاہی بھی حاصل کی۔وفد نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور مانیٹرنگ کے نظام کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل محمد سیف انور جپہ نے وفد کو پی ڈی ایم اے کی ورکنگ بارے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان کو شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔حکومت پنجاب ہنگامی صورتحال سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔
