کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نابینا طالبعلم ہنس راج کی تعلیمی، کھیل اور دیگر شعبوں میں کامیابیاں خصوصی افراد کے لیے روشن مثال ہیں، خصوصی افراد کو تعلیم، خودمختاری اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت پرعزم ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونہار نابینا طالبعلم ہنس راج سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سیکریٹری محکمہ بااختیار افراد سندھ طاحہٰ فاروقی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل بھی موجود تھے۔سید مراد علی شاہ نے ہنس راج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ خصوصی افراد کو تعلیم اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاسکتے ہیں۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو ہنس راج کی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔
