اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے آبپارہ میں واقع کنسلٹنسی اور کوریئر کے دفاتر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پوسٹل اسٹیکرز اور سرکاری مہریں استعمال کرنے کے الزام میں نجی ایجنسٹس سمیت 14ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ وزارت خارجہ کے 6 افسران اور اہلکاروں سمیت 22 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی پوسٹل اسٹیکرز اور سرکاری مہریں استعمال کرنے والے 22 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا، جن میں وزارت خارجہ کے 6افسران اور اہلکاروں سمیت متعدد نجی ایجنٹس شامل ہیں۔بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران جعلی پوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہروں اور دستاویزات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے گھنائونے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا گیا اور اس میں ملوث 22ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
