لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے پوسٹ گریجویٹ (PG) ٹرینی ڈاکٹروں کے ماہانہ وظیفوں کے موازنے نے دونوں صوبوں کی پالیسی میں نمایاں فرق سامنے آگیا۔ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق کے پی حکومت کی جانب سے ستمبر 2026 میں ٹرینی میڈیکل افسران کے وظیفوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ آئندہ ہر سال مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔موازنے کے مطابق پنجاب میں پہلے سال کے پی جی ٹرینی کو 1لاکھ 27 ہزار 215 روپے ماہانہ جبکہ کے پی کے میں حالیہ 15 فیصد اضافے کے بعد 1 لاکھ 10 ہزار روپے مل رہے ہیں یعنی پنجاب میں 17 ہزار 215 روپے ماہانہ زیادہ ہیں۔ دوسرے سال پنجاب کا وظیفہ 1 لاکھ 31 ہزار 996 روپے کے مقابلے میں کے پی کے میں 1 لاکھ 17 ہزار 860 روپے، تیسرے سال پنجاب کے 1 لاکھ 36 ہزار 777 روپے کے مقابلے میں کے پی کے کے 1 لاکھ 25 ہزار 715 روپے جبکہ چوتھے سال پنجاب کے 1 لاکھ 41 ہزار 558 روپے کے مقابلے میں کے پی کے کے 1 لاکھ 41 ہزار 430 روپے ہیں۔تاہم پانچویں سال میں صورتحال تبدیل ہوجاتی ہے جہاں کے پی کے کا وظیفہ 1لاکھ 57 ہزار 140روپے ماہانہ جبکہ پنجاب کا 1 لاکھ 46 ہزار 339 روپے ہے یوں پانچویں سال کے پی کے میں پنجاب سے 10,801 روپے زیادہ وظیفہ مل رہا ہے۔ پنجاب میں پی جی ٹرینی ڈاکٹروں کا وظیفہ حکومت کے مقررہ قواعد کے تحت دیا جاتا ہے اور 2026 میں پنجاب کے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے واضح کیا کہ پی جی ٹرینی ڈاکٹروں کا وظیفہ میڈیکل آفیسر کی ٹیک ہوم تنخواہ کے مقررہ فارمولے کے مطابق جاری رہے گا۔
