آستانہ(این این آئی)قازقستان کے ساحلی علاقے میں بحری مشقوں کے دوران 14 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ 3 کو بچا لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بحیرہ کیسپیئن کے ساحل پر موسم میں اچانک خرابی اور تیز ہوائوں کے باعث پیش آیا۔قازقستان کے مغربی علاقے منگستا کی انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں بتایا کہ جنگی تربیتی مشق کے دوران 17 اہلکار سمندر میں بہہ گئے تھے۔قازقستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق زارتِ دفاع کے 5 افسران کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار افراد میں بحریہ کے فرسٹ ڈپٹی کمانڈر بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق افسران کو غفلت اور بحری جہاز رانی کے قوانین کی خلاف ورزی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف نے واقعے کی وجوہ اور حالات کا تعین کرنے کے لیے حکومتی کمیشن کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
