ملتان (وقائع نگار) اینٹی کرپشن ملتان کی جانب سے کرپشن کے خلاف جاری حالیہ مہم کے بعد ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر میں کام کا دباؤ بڑھ گیا، پٹوار خانوں میں پرائیویٹ منشیوں کے داخلے اور بیٹھنے پر پابندی کے باعث شہریوں کو فرد، انتقال، ریکارڈ کی درستگی اور دیگر ریونیو معاملات کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ملتان کی حالیہ کارروائیوں کےدوران ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ تقریباً 45 اہلکاروں کو ٹریپ ریڈ کے دوران مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جن میں پٹواری بھی شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ مسلسل کارروائیوں کے بعد بعض پٹواریوں میں اینٹی کرپشن کا خوف پایا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ پٹوار خانوں میں معمول کے مطابق دستیاب نہیں ہوتے۔ دوسری جانب پرائیویٹ منشیوں کے خلاف کارروائی اور انہیں پٹوار خانوں میں بیٹھنے سے روکنے کے باعث وہ کام بھی براہِ راست سرکاری عملے پر منتقل ہوگیا ہے۔ اس صورتحال میں پٹواریوں پر کام کا بوجھ بڑھنے سے سائلین کے معمول کے ریونیو معاملات بھی تاخیر کا شکار ہونے لگے ہیں۔شہریوں کے مطابق فرد کے حصول، انتقال، زمین کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال، ریکارڈ کی درستگی اور دیگر ضروری ریونیو امور کے لیے انہیں کئی کئی دن پٹوار خانوں کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔ بعض سائلین کو مبینہ طور پر 2 سے 3 ہفتے بعد کا وقت دیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو اپنے اراضی سے متعلق معاملات نمٹانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پہلے پٹواریوں کے ساتھ کام کرنے والے پرائیویٹ منشی سائلین کی درخواستیں اور ریکارڈ مرتب کرنے سمیت مختلف دفتری امور میں معاونت کرتے تھے، تاہم اب ان کی پٹوار خانوں میں موجودگی پر پابندی کے باعث تمام کام پٹواریوں کے ذمہ آگیا ہے۔ اس صورتحال میں ایک طرف کرپشن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ دوسری طرف سائلین کو بروقت ریونیو سہولیات کی فراہمی ایک چیلنج بن گئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت کارروائیاں ضرور کی جائیں، تاہم اس کے ساتھ ریونیو دفاتر میں متبادل انتظام، عملے کی دستیابی اور سائلین کے کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا مؤثر نظام بھی بنایا جائے۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹوار خانوں میں پٹواریوں کی حاضری یقینی بنانے، سائلین کے لیے ٹوکن یا ٹائم سسٹم بہتر کرنے اور فرد و دیگر ریونیو ریکارڈ کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
پٹواری
