حیدرآباد کا تاریخی نیاز اسٹیڈیم 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے انتظام میں دیا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر آج دستخط ہوں گے۔ معاہدے کے تحت اسٹیڈیم کی ملکیت حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پاس ہی رہے گی، تاہم اس کا مکمل انتظامی کنٹرول پی سی بی کے پاس ہوگا۔
معاہدے کے مطابق پی سی بی حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ماہانہ 10 ہزار روپے کرایہ ادا کرے گا، جبکہ اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹکٹ والے میچز کی گیٹ آمدن میں سے 20 فیصد حصہ کارپوریشن کو ملے گا۔ پی سی بی کو ٹکٹنگ، اسپانسرشپ، اشتہارات، نشریاتی حقوق اور پارکنگ سمیت تجارتی حقوق بھی حاصل ہوں گے۔
پی سی بی نیاز اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرے گا، جس میں پچ اور آؤٹ فیلڈ، فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے اسٹینڈز، ہاسپیٹیلیٹی باکسز اور پارکنگ کی بہتری شامل ہے۔ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی، فرسٹ کلاس اور پاکستان سپر لیگ (PSL) کے میچز کرانے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
نیاز اسٹیڈیم 1959 میں قائم ہوا اور ماضی میں یہاں ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ 1987 ورلڈ کپ کا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی اسی میدان میں ہوا تھا۔

