نئی دہلی(آئی این پی )بھارت میں کاکروچ جناتا پارٹی کے احتجاج کے موقع پر نئی دہلی میں سخت پابندیاں عائد کردی گئیں، پولیس نے کا کروچ پارٹی سربراہ ابھیجیت دپکے سمیت 200 کے قریب مظاہرین کو حراست میں لے لیا جبکہ نئی دہلی اور حضرت نظام الدین ریلوے سٹیشنوں سے آنے اور جانے والی 250 سے زائد ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ دہلی میٹرو کے 57 سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستے بھی سیل کر دئیے گئے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریلوے بورڈ کے فیصلے کے تحت جمعہ کو دوپہر دو بجے کے بعد اپنے ابتدائی سٹیشنوں سے روانہ ہونے والی مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں، اس کے علاوہ ہفتہ کی صبح چار بجے سے دوپہر دو بجے کے درمیان نئی دہلی یا حضرت نظام الدین ریلوے سٹیشن پہنچنے والی ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں۔نئی دہلی کے مختلف علاقوں کو سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ، نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والی کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے بڑے احتجاج کی کال کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے ۔ 20 ہزار سے زائد پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کیے گئے ۔
