کراچی( این این آئی) وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اوربورڈ آف انویسٹمنٹ کے مشیر سید فیروز شاہ سے پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر اکاماٹسو شوئچی نے ملاقات کی ۔اس موقع پروفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے تحت کام کرنے والے ادارے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ ہاجرہ سہیل، جاپان سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری، سربراہ ثقافت اورپبلک انفارمیشن سیکشن تاکاکو ساتو اورڈپٹی ہیڈ آف پبلک افیئرزیواوکاموتوبھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، سرمایہ کاری اور پاکستان و جاپان کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، پاکستان اور جاپان کے درمیان انسانی وسائل کے تبادلے کا فروغ ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں جاپان کے تجربات سے استفادہ کرنے ،تجارت، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور عوام کے مابین تعلقات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت پر روشنی ڈالی گئی ۔
