راولپنڈی (خصوصی رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کی ضلعی عدالتوں میں پاکستان آرمز آرڈیننس 1965کے تحت 2023 تک کے زیر التوا 86 فیصد سے زائد مقدمات کے فیصلے کر دیئے گئے ہائی کورٹ میڈیا سیل کے مطابق اسی سلسلہ میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران پنجاب کی ضلعی عدالتوں میں پاکستان آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت 2023 تک کے زیر التوا 3 ہزار397 مقدمات میں سے 2 ہزار 934 مقدمات کے فیصلے کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ پنجاب کے 17 اضلاع میں پاکستان آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت 2023 تک کے تمام مقدمات کے فیصلے کر دیئے گئے ہیں اور باقی اضلاع میں 2023 تک کے زیر التوا 463 مقدمات میں سے بڑی تعداد زیر التوا مرڈر ٹرائلز کے ساتھ منسلک ہے۔ ترجمان کے مطابق چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ متذکرہ زیر التوا مقدمات کے ساتھ منسلک مرڈر ٹرائلز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پاکستان آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت باقی مانندہ مقدمات کے فیصلے بھی جلد ہو سکیں۔ ترجمان کے مطابق یہ سنگِ میل چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات، جدید عدالتی اصلاحات، موثر کیس مینجمنٹ سسٹم، فعال نگرانی اور شفافیت پر مبنی حکمت عملی کی بدولت عبور کیا گیا ہے۔ عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے زیر التوا مقدمات کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آرہی ہے۔
