گوجرخان( بیورو رپورٹ)گلیانہ موڑ کے قریب دو مسلح ڈاکوں نے نجی بینک کی اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر آنے والے شہری سے گن پوائنٹ پر 80 ہزار روپے لوٹ لیے، جبکہ ڈھوک مغلاں کے ماڈل پرائمری سکول سے نامعلوم چور پانی کی موٹر، سپیکر اور سٹیشنری سمیت قیمتی سامان چوری کرکے لے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق نجی بینک کے ملازم فیضان علی نے اے ٹی ایم سے 80 ہزار روپے نکلوائے اور باہر نکلا تو وہاں موجود دو مسلح ڈاکوں نے اسلحے کے زور پر رقم چھین لی۔ نگائل عمر خان سے تعلق رکھنے والے فیضان علی کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر مسہ کسوال کی جانب فرار ہوگئے۔ دوسری جانب ڈھوک مغلاں کے ماڈل پرائمری سکول کے تالے توڑ کر نامعلوم چور پانی کی موٹر، سپیکر اور سٹیشنری سمیت قیمتی سامان لے اڑے۔ سکول انچارج کے مطابق پانی کی موٹر ایک ماہ قبل نصب کی گئی تھی، سکول انتظامیہ بار بار ہونے والے نقصان کی متحمل نہیں ہوسکتی، لہذا پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کرے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
