واشنگٹن (فضل خالق سے) امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خاندانی اقدار، ثقافتی ہم آہنگی، سماجی روابط اور پاک امریکہ عوامی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک شاندار فیملی فیسٹیول اور میٹ اینڈ گریٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں سات سو سے زائد پاکستانی نژاد امریکیوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام معروف پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت احمد رانا اور کاشف نے کیا، جن کی کاوشوں کو کمیونٹی کی مختلف شخصیات نے بھرپور انداز میں سراہا۔ اس پروقار اجتماع میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات، سماجی رہنماں، خواتین، نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد امریکہ میں آباد پاکستانی خاندانوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا، باہمی روابط کو مستحکم بنانا، نئی نسل کو پاکستانی ثقافت اور روایات سے روشناس کرانا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینا تھا۔ فیملی فیسٹیول کے دوران شرکا کے لیے مختلف تفریحی اور سماجی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ متعدد شرکا میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ خوشگوار ماحول اور خاندانوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کو ایک یادگار کمیونٹی اجتماع میں تبدیل کر دیا۔ اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت احمد رانا اور کاشف کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو متحد رکھنے، خاندانوں کے درمیان روابط بڑھانے اور بیرونِ ملک پاکستانی ثقافتی شناخت کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ تقریب میں شریک کمیونٹی رہنماں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان سماجی، ثقافتی، کاروباری اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق ایسے اجتماعات نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ نئی نسل میں اپنی قومی شناخت اور ثقافتی ورثے سے وابستگی پیدا کرنے کا بھی مثر ذریعہ ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر صباحت اور ڈاکٹر سونیا احمد رانا نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیملی فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی خاندانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے درمیان مثبت روابط، باہمی تعاون اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک امریکہ تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اس نوعیت کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا، تاکہ پاکستانی نژاد امریکی خاندانوں، بالخصوص نوجوان نسل کو اپنی ثقافت، روایات اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔ تقریب میں شریک مختلف شخصیات نے اس امر کو بھی اجاگر کیا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کاروبار، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ ان شعبوں میں کمیونٹی کی شرکت پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ شرکا نے منتظمین احمد رانا اور کاشف کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
