اسلام آباد (پ ر) بحریہ یونیورسٹی کے ایـ8 کیمپس اسلام آباد میں ینگ سی ای اوز، انٹرپرینیورز اینڈ انوویٹرز (YES) سمٹ، ایکسپو اینڈ ایوارڈز 2026 کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تقریب کا افتتاح رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن سیدہ آمنہ بتول نے کیا۔ 20 سے 22 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں نوجوان کاروباری افراد، صنعتی شعبے کے رہنما اور ماہرین تعلیم، جدت، کاروبار کے فروغ اور تعلیمی اداروں و صنعت کے درمیان تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔اس موقع پر بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) انجینئر عابد حمید ہلال امتیاز (ملٹری) نے مہمان خصوصی سیدہ آمنہ بتول کا استقبال کیا۔ تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ارکان، بزنس انکیوبیشن سینٹرز سے متعلق ایچ ای سی ٹاسک فورس کے کنوینر ڈاکٹر جاوید لغاری اور پاکستان بھر کے ممتاز تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز نے بھی شرکت کی۔قائدانہ صلاحیتوں، جدت، کاروبار اور استحکام کے موضوعات پر منعقد ہونے والا YES 2026، نوجوان کاروباری افراد کو اظہار خیال، صنعتی شعبے کے ماہرین سے رابطے اور کاروباری ترقی کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ سمٹ کے پروگرامز میں ورکشاپس اور پینل مباحثے شامل ہیں، جن میں معاشی ترقی، کاروبار کے فروغ اور پاکستان میں کاروباری نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ورکشاپس کے دوران پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (P@SHA) کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب خان نے مرکزی مقرر کی حیثیت سے بھی شرکت کی۔ سمٹ کے تحت بحریہ یونیورسٹی اسٹارٹ اپ مقابلہ 2026 بھی اختتام پذیر ہو گیا، جس میں 290 سے زائد اسٹارٹ اپ آئیڈیاز موصول ہوئے۔ مقابلے کا مقصد ”نوجوان انوویٹرز” کو اپنے کاروباری آئیڈیاز اور حل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا، جبکہ کامیاب شرکا کے لیے مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے کا انعامی فنڈ بھی مختص کیا گیا۔ایونٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز، کاروبار کی ترقی اور متعلقہ شعبوں کے حوالے سے ورکشاپس بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ سمٹ اور ایکسپو 22 اکتوبر تک بحریہ یونیورسٹی کے ایـ8 کیمپس اسلام آباد میں جاری رہیں گے، جہاں مزید کلیدی خطابات اور شرکا کے درمیان تبادلہ خیال کے لیے خصوصی نشستیں منعقد ہوں گی۔ تین روزہ سرگرمیوں کی اختتامی تقریب بائیس اکتوبر کو ہو گی۔ YES 2026 ایسے اقدامات کے ذریعے نوجوان کاروباری افراد کو اپنے خیالات کو عملی شکل دینے، صنعتی شعبے سے روابط بڑھانے اور ملک میں جدت و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے مواقع کی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
