مندرہ (بیورو رپورٹ) تھانہ مندرہ کے علاقے میں ڈکیتی اور چوری کی دو وارداتوں میں مسلح ڈاکو زمیندار سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے، جبکہ نامعلوم چور نجی سکول سے دو ٹن اے سی چوری کرکے لے گئے۔ مندرہ پولیس حکام کے مطابق گھنگریلہ پلی کے قریب علی الصبح موہڑہ دھمیال، گھنگریلہ کے رہائشی زمیندار محسن علی سے دو
مسلح ڈاکوں نے اسلحے کی نوک پر تقریبا دو لاکھ روپے مالیت کا ہنڈا 125 موٹر سائیکل اور دو ہزار روپے نقدی چھین لی۔ محسن علی کے مطابق وہ سبزی منڈی گوجرخان میں کدو وغیرہ فروخت کرنے جا رہا تھا کہ جھاڑیوں میں چھپے ڈاکوں نے اسے اسلحہ دکھا کر روک لیا۔ ملزمان کی عمریں تقریبا 25 سے 26 سال تھیں اور وہ پوٹھوہاری زبان بول رہے تھے۔ دوسری واردات میں ڈھوک اعوان، دلمی میں واقع کرم ماڈل سکول سے نامعلوم چور ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا دو ٹن اے سی چوری کرکے لے گئے۔ پولیس نے کاشف شبیر ملک کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
