راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے عوام کو ملاوٹ سے پاک، خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے، ناقص اور ملاوٹی خوراک بیچنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کردی ہے یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز نارتھ زون پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں
جاری کیں اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع کی رواں سال جنوری تا 15 اکتوبر تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نارتھ زون میں راولپنڈی کی کل 24 تحصیلیں شامل ہیں۔ ان میں ضلع راولپنڈی میں 42,532 کاروبار ، ضلع مری میں 3337، ضلع اٹک میں 9244، ضلع جہلم میں 10,691 اور ضلع چکوال میں10,640 کاروبار رجسٹرڈ ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس عرصے کے دوران *108,854* انسپکشنز کیں، *47,712* کو اصلاحی نوٹس جاری کئے، 8 کروڑ 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور 115 ایف آئی آرز درج کیں۔ کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستمبر کے مہینے میں انسپکشنز میں 5 فیصد، جرمانوں میں 29 فیصد اور EPOs میں مئی کے مقابلے میں 197 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لائسنسنگ ونگ نے ستمبر میں ریکارڈ ریکوری کی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوام کو ملاوٹ سے پاک، خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ناقص اور ملاوٹی خوراک بیچنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں (FSTs) 11 اہم مقامات پر تعینات ہیں، حالیہ کاروائی میں تھانہ وارث خان کے علاقہ میں 1400 کلو گرام ناقص گوشت سے بھری گاڑی (BVS 692) پکڑی گئی۔کمشنر نے کہا کہ تمام اضلاع میں رجسٹرڈ ہاٹ سپاٹس کی 100 فیصد چیکنگ اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
