لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے سمارٹ سیف سٹیز منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 337 نئی ملازمتیں دینے کی منظوری دے دی۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب 48 کروڑ 93 لاکھ روپے کے فنڈز درکار ہوں گے۔ذرائع کے مطابق سمارٹ سیف سٹیز منصوبے کے لیے نئی آسامیوں اور سالانہ آپریشنل اخراجات کی مد میں فنڈز فراہم کرنے کا معاملہ صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے۔ منصوبے میں 337نئی آسامیوں کے لیے 52 کروڑ 25 لاکھ ایک ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ منصوبے کو چلانے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 96 کروڑ 68 لاکھ 51 ہزار روپے مانگے گئے ہیں۔مالی سال 2026-27 کے دوران منصوبے کے دوسرے مرحلے کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے سمارٹ سیف سٹیز منصوبے کے دوسرے مرحلے میں بھرتیوں اور فنڈز کی فراہمی کے لیے وزیراعلی پنجاب کو سمری بھجوائی تھی۔منصوبے کے تحت نئی آسامیوں پر بھرتیوں اور آپریشنل اخراجات کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق اقدامات کیے جائیں گے
