لاہور(کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، 6کارروائیوں کے دوران 7ملزمان گرفتار ،انسدادِ منشیات کارروائیوں میں48.7کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی ۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق راہوالی گوجرانولہ میں موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 18کلوگرام چرس برآمد، اوٹھیاں جی ٹی روڈ سیالکوٹ سے مشکوک گاڑی سے 12کلوگرام چرس برآمد کر کے 2ملزمان گرفتار ،ایم۔ون موٹروے باہتر انٹرچینج واہ سے 2ملزمان 7.2کلوگرام چرس، 30بور پستول بمعہ رائونڈز گرفتار ، آبدرہ روڈ پشاور سے موٹرسائیکل سوار ملزم سے گاڑیوں کے سپئیر پارٹس میں چھپائی 6 کلوگرام چرس برآمد ، ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں بحریہ ٹائون راولپنڈی میں واقع گھر پر چھاپے کے دوران 5کلو ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار، کراچی میں ایک نجی کوریئر کمپنی سے برطانیہ بھیجے جانے والے کھیلوں کے سامان کے پارسل سے 500گرام افیون برآمد کی گئی ۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
