اسلا م آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور فیک نیوز موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے، ڈیجیٹل خواندگی کو نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطا ب کررہے تھے ۔عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی لیبلنگ لازمی قرار دینا ہو گی۔وفاقی وزیر نے نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سائبر سکیورٹی اور سوشل میڈیا سے متعلق مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت کے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے غیر محفوظ استعمال سے بچنے کے طریقے سکھانا ہوں گے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے ) نے کام شروع کر دیا ہے اور اس سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کو بھی مدد ملے گی۔
