پشاور(ویب ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے، مولانا فضل الرحمن نے اکوڑہ خٹک میں پروفیسر محمود الحق حقانی مرحوم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کے انتقال پر تعزیت و افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پروفیسر محمود الحق حقانی، مولانا سمیع الحق شہید کے بھائی تھے۔تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو تمام فریقین کیلئے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں جب کہ وہ تمام فریقین کو آئین کی طرف آنے اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے معاملات حل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان توازن ہونا ضروری ہے جبکہ مذاکرات کے لیے ایک اچھا، سازگار اور اعتماد پر مبنی ماحول پیدا کیا جانا چاہیے۔مولانا فصل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ مسائل کا حل محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام فریقین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

