راولپنڈی (این این آئی) تھانہ سٹی کے علاقے نیا محلہ میں3 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، آگ نے تین منزلہ گھر کی تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق اے نیا محلہ کے گنجان آباد کے علاقے کی تین منزلہ عمارت جس کے بالائی حصے پر فریزر اور کمرے میں بستر و گدے وغیرہ موجود تھے میں فریزر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے گدے و بستروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ عمارت کی نچلی منزل پر کھلونوں کا گودام بھی تھا جبکہ آگ عمارت کو لپیٹ میں لے لیا اور بوسیدہ عمارت کے کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس عملہ اور ریسکیو 1122 سمیت امدادی ادارے موقع پر پہنچے’ فائر بریگیڈ و ریسکیو سمیت امدادی اداروں کو گنجان آباد علاقہ و تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم ریسکیو 1122 8 گاڑیوں و عملے کی مسلسل محنت سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک کر قابو پالیا گیا۔ ایس ایچ او سٹی راجہ طاہر نے کہاکہ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا’ آگ عمارت کے بالائی منزل میں رکھی فریزر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی آگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔