ملتان (خبرنگار) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی عبرتناک شکست پر پاکستان کے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں
نے”خبریں” سے اظہار خیال کیا۔ سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ٹرمپ کی شکست کے بعد دنیا کے معاشی اورسیاسی حالات معمول کی طرف آئیں گے۔ سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ ٹرمپ کو مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی اللہ پاک نے سزا دی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی ندیم قریشی نے کہا کہ ایران نے اپنی بہترین پالیسی کے تحت جنگ کو طول دے کر 3 نومبر تک لے آیا جس کی وجہ سے ٹرمپ کے خلاف امریکی عوام میں نفرت پیدا ہوگئی جو اس کی شکست کا سبب بنی۔ سابق رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ لگتا ہے ٹرمپ کی شکست کے بعد دنیا میں ہونے والی جنگیں اب رکنا شروع ہو جائیں گی۔ سابق گورنر پنجاب و صدر جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کو ایران اور فلسطین کے مظلوموں کی بددعا کھاگئی جتنے ظلم و ستم انہوں نے ان علاقوں میں کئے ہیں اللہ پاک نے انہیں اس کی سزا دی ہے۔ سابق صوبائی وزیر رانا اعجاز احمد نون نے کہا کہ ٹرمپ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسے شکست فاش ہوئی جس کے اثرات پوری دنیا پر امن و امان کے قیام اور بہتر معیشت پر پڑیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ ہمیں ٹرمپ کی شکست کا پہلے سے علم تھا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس کی پالیسیاں اور جنگی جنون امریکی عوام کو پسند نہیں تھا اس لئے امریکی عوام نے اسے شکست دے کر اپنا حساب برابر کیا۔ یونائیٹڈ گروپ آف انڈسٹری کے چیئرمین ملک عاشق علی شجرا نے کہا کہ ٹرمپ نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں ضائع کی ہیں خصوصاً فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم کے جو پہاڑ ڈھائے تھے اللہ پاک کی طرف سے اس کیلئے یہ عذاب عظیم ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم راجن بخش گیلانی نے کہا کہ ٹرمپ ایک غیر سنجیدہ امریکی صدر ہے۔ اس کی تجارتی پالیسیاں اور جنگی جنون اس کی شکست کا سبب بنے۔ مسلم لیگ(ق) کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے کہا کہ ٹرمپ ایک ظالم انسان ہے۔ اس کے دوراقتدار میں ہمیشہ لاکھوں لوگوں کا قتل عام ہوا ہے۔ ملکوں کی معیشت برباد ہوئی ہے، مظلوموں پر ظلم و ستم ہوئے ہیں۔ اس کی شکست اللہ کی طرف سے اس کیلئے سزا کے طور پر ہوئی ہے۔
ٹرمپ شکست
