لاہور(خبر نگار) واسا لاہور کی واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری نے بین الاقوامی معیار ISO/IEC 17025 کے تحت ایکریڈیٹیشن کے تسلسل کا اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا، لیبارٹری کی حالیہ اسیسمنٹ کے بعد آئندہ تین سالہ سائیکل کے لیے ایکریڈیٹیشن برقرار رکھنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق واسا لاہور کی واٹر ٹیسٹنگ
لیبارٹری گزشتہ چھ سال سے بین الاقوامی معیار کے تحت اپنی ایکریڈیٹیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ جائزے میں بھی لیبارٹری نے مقررہ معیار پر پورا اترتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جسے پانی کی جانچ اور کوالٹی مینجمنٹ کے نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی رہنمائی اور چیف کیمسٹ ڈاکٹر زینب عباس کی نگرانی میں لیبارٹری ٹیم پانی کے تجزیے، جدید سائنسی طریقہ کار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کوالٹی مینجمنٹ کے نظام پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ واسا انتظامیہ کے مطابق یہ کامیابی لیبارٹری ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور معیار برقرار رکھنے کے عزم کا نتیجہ ہے۔
