واشنگٹن، تہران ( نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کسی بھی نئے معاہدے سے صاف انکار کرتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس کو اہم نئی ذمہ داریاں سونپنے کا حکم جاری کر دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ جب چاہیں ایران کیخلاف جنگ جیت سکتے ہیں، ادھر امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر حملوں کا تبادلہ ہوا ہے جس سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا، ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے علاقے سیرک پر فضائی حملہ میںٹیلی کمیونی کیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا،جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے بحرین میں نصب امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنایا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کسی بھی نئے معاہدے سے صاف انکار کرتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس کو اہم نئی ذمہ داریاں سونپنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق قبل ازیں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کر چکے ہیں جس کے نتیجے میں جون میں جنگ روکنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت طے پائی تھی تاہم یہ کوشش چند ہفتوں بعد ناکام ہوگئی تھی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق امریکی صدر کے اس تازہ بیان اور نائب صدر کی مصروفیات میں تبدیلی کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کے مستقبل پر نئے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم اس وقت ایران جنگ جیتنے کے مراحل میں ہیں، جب چاہوں ایران کے خلاف جنگ جیت سکتا ہوں،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران پر مزید حملے روک دئیے،ضررورت پڑنے پر ایران پر دوبارہ حملہ کرنے سے نہیں ہچکچائوں گا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ ہم نے ایران کو بالکل بے اثر کردیا ہے، ایران میں مہنگائی 301فیصد تک پہنچ چکی ہے، ایرانی معیشت تباہ ہوچکی، فوجیوں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں ۔صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ایران کے خلاف طاقت استعما ل کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی، ضرورت پڑی تو ابھی فوجی کارروائی کر سکتا ہوں۔انھوں نے دعویٰ میں مزید کہا کہ اگر ان کی درخواست نہ ہوتی تو وہ تین دنوں میں ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، پلوں اور مینوفیکچرنگ سہولیات کو تباہ کر سکتے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ کو فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں لیکن امریکہ کے علاقائی اتحادیوں کی درخواست پر انھوں نے ایران پر اقتصادی اور فوجی دبائو جاری رکھا ہوا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران کے خلاف مزید حملے کرتے اگر انھیں ایسی درخواستیں موصول نہ ہوتیں تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ہاں، میں اس سے گریز نہیں کروں گا۔قبل ازیں امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر حملوں کا تبادلہ ہوا ہے جس سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں نصب امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنایا ہے۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق اس دعوے کی تصدیق ہوتی ہے تو ستمبر کے اوائل کے بعد خلیجی ملک میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے سے متعلق یہ اپنی نوعیت کا پہلا دعویٰ ہوگا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ایران کے جنوبی علاقے میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر مبینہ فضائی حملے کے جواب میں کی گئی۔ بیان کے مطابق دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مقابلے کیلئے الرٹ ہیں، کارروائی سیریک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پرحملے کے جواب میں کی گئی۔ کارروائی جارح دشمن کے لیے پیغام ہے،آبنائے ہرمز میں فضائی اشتعال انگیزی سے باز آئے۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ دوبارہ حملہ ہوا تو ایرو اسپیس فورس جوابی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے،قبل ازیں ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران کے صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک میں ایک ٹیلی کمیونی کیشن ٹاور کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے ردعمل میں بحرین میں امریکی ریڈار پر کارروائی کی گئی۔تاہم ایرانی دعوے میں ریڈار کو پہنچنے والے نقصان یا حملے کے نتائج سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔اس سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب(نیوی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایل این جی بردار ایک جہاز ایرانی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد اس میں شدید دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔آئی آر جی سی نیوی کے مطابق جہاز کو بار بار خبردار کیے جانے کے باوجود اس نے آبنائے ہرمز کے ایک ایسے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کی جسے ایران نے غیر مجاز اور خطرناک قرار دیا ہے، اس کے چند گھنٹے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔تاہم آزاد بحری نگرانی کے اداروں نے تاحال اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔بی بی سی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ جہاز نے پہلے پیش آنے والے واقعات سے سبق نہیں سیکھا اور امریکی لڑاکا طیاروں کی مدد سے آبنائے سے گزرنے کی کوشش کی۔پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے اور اس کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کی وارننگ نظر انداز کرتے ہوئے غیر مجاز راستے اختیار کرنے والے دیگر جہازوں کو بھی اسی طرح کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایران کا موقف ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو اس کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستے استعمال کرنے چاہئیں۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بعض جہاز اور تیل بردار ٹینکر ایرانی پابندیوں سے بچنے کے لئے آبنائے ہرمز میں متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں۔دریں اثناء ایران کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی صوبے ہرمزگان میں کوہستک کے ساحلی علاقے کے قریب جدید فضائی دفاعی نظام کا استعمال کرتے ہوئے امریکی ایم کیو-1 ڈرون مارگرایا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق بحریہ نے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کے ساحلی علاقے سیریک کے قریب امریکی دشمن کا ڈرون روکا گیا اور ملک کے دفاعی نیٹ ورک کے زیر انتظام فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔
ٹرمپ
