ملتان (کامرس رپورٹر) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 11.21 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی جبکہ23اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 12.06 فیصد، انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد، لہسن 1.76 فیصد اور مرغی 1.32 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ آٹے کی قیمت میں 0.94 فیصد اور دال مسور میں 0.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب پٹرول کی قیمت میں 7.42 فیصد اور ڈیزل میں 6.10 فیصد کمی ہوئی جبکہ پیاز 1.70 فیصد، کیلے 1.03 فیصد اور چینی 0.43 فیصد سستی ہوئی۔ دودھ پاؤڈر اور دال مونگ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار مزید تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں، ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 111.35 فیصد، ٹماٹر میں 78.94 فیصد، بجلی کے نرخوں میں 52.38 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 36.14 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ڈیزل 30.77 فیصد، پٹرول 26.23 فیصد، پیاز 19.67 فیصد، مٹن 14.67 فیصد، بیف 11.30 فیصد اور مرغی کا گوشت 10.98 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر آلو 36.41 فیصد، چینی 24.54 فیصد اور انڈے 23.29 فیصد سستے ہوئے۔ ادھر شہریوں اور صارفین نے ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹماٹر، آٹا، انڈے، مرغی اور دیگر بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ متاثر کر رکھا ہے، جبکہ بجلی اور گیس کے بھاری بلوں نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ صارفین کے مطابق مہنگائی میں حقیقی ریلیف اسی وقت ممکن ہے جب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مستقل کمی آئے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی منتقل کیا جائے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول نظام کو مؤثر بنایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے اور عام آدمی کو بنیادی ضروریات زندگی مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
مہنگائی

