لاہور (خبر نگار) محکمہ اوقاف کی مبینہ غفلت، انتظامی نااہلی یا چشم پوشی کا ایک اور سنگین معاملہ سامنے آگیا، لاکھوں روپے ماہانہ آمدن کے حامل دربار پیرن پاک کو تاحال محکمہ اوقاف اپنی تحویل میں لینے میں ناکام رہا، جبکہ دربار سے ملحقہ کروڑوں روپے مالیت کی تقریباً 260 کنال قیمتی وقف اراضی مبینہ طور پر قبضے میں ہونے کے باوجود واگزار نہ کرائی جاسکی۔ محکمہ اوقاف کی سرکل مظفرگڑھ انتظامیہ کی خاموشی نے کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقہ شاہ جمال دربار پیرن پاک پر زائرین کی بڑی تعداد حاضری دیتی ہے اور نذرانوں کی مد میں ہر ماہ بھاری آمدن حاصل ہوتی ہے، تاہم اس آمدن کی نگرانی، حساب کتاب اور قانونی حیثیت کے حوالے سے کوئی موثر انتظام سامنے نہیں آسکا۔ مبینہ طور پر جعلی گدی نشین دربار کے معاملات پر قابض ہیں اور نذرانوں و آمدن سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ محکمہ اوقاف کی متعلقہ انتظامیہ تاحال دربار کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے عملی اقدامات نہیں کرسکی۔ ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ دربار پر آئے روز لڑائی جھگڑے اور دنگا فساد کی صورتحال پیدا ہوتی رہتی ہے، مبینہ جعلی گدی نشین ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں نظر آتے ہیں، مگر متعلقہ محکمہ کی جانب سے نہ انتظامی کنٹرول قائم کیا جاسکا اور نہ ہی دربار کے معاملات کو قانون کے مطابق منظم کرنے کے لیے کوئی موثر کارروائی دکھائی دیتی ہے۔ دوسری جانب پٹواری ریکارڈ کے مطابق دربار کے ساتھ منسلک تقریباً 260 کنال، یعنی دو مربع سے زائد قیمتی اراضی مبینہ طور پر قبضے میں ہے، جس پر مقامی افراد قابض ہیں۔ کروڑوں روپے مالیت کی اس وقف اراضی کو واگزار کرانے میں محکمہ اوقاف کی ناکامی بھی انتظامی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اگر مذکورہ اراضی قانون کے مطابق واگزار کرا کے محکمہ اوقاف کی تحویل میں لی جائے اور اسے شفاف طریقے سے کرایہ داری پر دیا جائے تو سالانہ لاکھوں روپے آمدن سرکاری خزانے میں جمع ہوسکتی ہے۔ ذرائع نے سرکل مظفرگڑھ کی متعلقہ انتظامیہ پر مبینہ طور پر دربار کے معاملات سے چشم پوشی اور بھتہ وصولی کے سنگین الزامات بھی عائد کیے ہیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق اور متعلقہ حکام کا موقف سامنے آنا ضروری ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر دربار کی آمدن لاکھوں روپے ماہانہ ہے، وقف اراضی کروڑوں روپے مالیت کی ہے اور قبضے و انتظامی تنازعات بھی موجود ہیں تو محکمہ اوقاف کی متعلقہ انتظامیہ اب تک خاموش کیوں ہے؟ محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دربار چپ شاہ کی آمدن، گدی نشینی کی قانونی حیثیت، مبینہ قبضوں، 260 کنال وقف اراضی اور سرکل مظفرگڑھ انتظامیہ کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں تاکہ سرکاری و وقف املاک کو مبینہ قبضہ مافیا اور غیر قانونی مالی مفادات سے محفوظ بنایا جاسکے اور زائرین کے نذرانوں کو کسی کی ذاتی جیب میں جانے کے بجائے قانونی نظام کے تحت وقف کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
