غزہ(این این آئی)غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل نعیم ابو نہل شہید ہو گئے جبکہ غزہ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی دیگر اسرائیلی کارروائیوں میں مزید چھ فلسطینی شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ پچاس سالہ نعیم ابو نہل کو غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا جو رواں برس ستمبر میں اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے جب ان کے پیشرو کو اسرائیلی خصوصی دستوں نے ایک کارروائی میں گرفتار کر لیا تھا۔ ادھر طبی حکام اور امدادی کارکنوں نے بتایا کہ وادی غزہ کے علاقے میں ایک فضائی حملے میں ایک نوجوان سمیت تین افراد جبکہ خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں پولیس اسٹیشن پر حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین فلسطینی شہید ہوئے۔
