نیویارک: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے تمام صارفین کو اسپیس ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کردی۔
ٹویٹر کی جانب سے صارفین کے لیے گزشتہ برس ’اسپیس‘ کے نام سے آڈیو روم کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی، جس کی کامیابی کے بعد اس سروس کے دائرہ کار کو بڑھایا گیا۔
ابتدائی دنوں میں یہ سہولت صرف آئی فون صارفین کو میسر تھی مگر وقت اور خواہش کے پیش نظر اینڈرائیڈ صارفین کو بھی یہ فیچر پیش کردیا گیا۔
اسپیس روم بنانے کے لیے فالوورز کی ایک خاص تعداد درکار ہوتی تھی جس کے بعد اُسے بھی ختم کردیا گیا۔
بعد ازاں ٹویٹر نے مخصوص صارفین کو اسپیس روم ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کی تھی تاہم اب تمام صارفین اس سے استفادہ کرسکتے ہیں کیونکہ کمپنی نے سب کو ریکارڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔
ٹویٹر کے مطابق دنیا بھر میں موجود وہ تمام صارفین جو اسپیس ہوسٹ کرتے ہیں انہیں اب آڈیو روم میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایسے اسپیس کا حصہ بننے والے صارفین کے اسکرین پر ریکارڈنگ کا آگاہی پیغام بھی ظاہر ہوگا۔
اسپیس کی یہ ریکارڈنگ ایک ماہ تک محفوظ رہے گی اور ہوسٹ کو اسے اپنی مرضی کے مطابق پبلک کرنے یا نہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔