لندن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میک کولم انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے جبکہ اس دوڑ میں گیری کرسٹن اور کالنگ ووڈ بھی شامل ہوگئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوی ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میک کولم انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے، رواں سال فروری میں ایشز سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد کرس سلورووڈ نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پال کالنگ ووڈ کو نگراں کوچ کے طور مقرر کیا گیا۔
اس سے قبل انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور وائٹ بال کوچز کے لیے الگ الگ درخواستیں طلب کی تھیں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انگلینڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ راب کی بھی برینڈن میک کولم کو انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سوپنے کے خواہاں ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا اعلان رواں ہفتے کیے جانے کا امکان ہے۔
اس عہدے کی دوڑ میں جنوبی افریقہ اور بھارت کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی شامل ہیں جبکہ پال کالنگ ووڈ کو بھی امیدوار سمجھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان اگلے ماہ جون میں 3 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی جس کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔
