اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے موسم گرم کی آمد سے قبل سرکاری عمارت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ شمسی توانائی پر منتقلی سے سرکاری اداروں کے بجلی کے بلوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر توانائی خرم دستگیر، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی صاف اور سستی بجلی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور وقت کی اہم ضرورت ہے، معیشت کی بہتری اور ایندھن کی مدد میں امپورٹ بل میں کمی کے لیے شمسی توانائی کا فروغ نا گزیر ہے، نجی سطح پر بھی شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ ملک بھر میں مہنگے ایندھن کی جگہ شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے فریم ورک منظور کر چکی ہے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اس مہینے کے اختتام تک شمسی توانائی کے بڑے پراجیکٹس کے ٹیرف کا تعین کرلے گی جس کے بعد آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاروں سے بڈز طلب کی جایئں گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے تین منصوبے زیر غور ہیں جن میں 1200 میگا واٹ کا منصوبہ لیّہ میں جب کہ 600 میگا واٹ کے منصوبے مظفر گڑھ اور تریموں میں لگائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اس حوالے سے آر ایف پی (Request for Proposals) اور بڈنگ کا کام تیز تر اور شفاف بنانے کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے ضروری اقدامات کریں۔
اجلاس کو وزیراعظم کے وفاقی حکومت کی ملک بھر میں موجود عمارات کی شمسی توانائی پر منتقلی کے ویژن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی عمارات کی سولر آئزیشن کے حوالے سے ماہر کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اس سلسلے میں تمام وفاقی اداروں کے لیے سینٹرلائیزڈ پروکیورمنٹ کو اختیار کیا جائے جو کہ مؤثر اور شفاف ہو۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ اس سلسلے میں ابتدا اسلام آباد کی حدود میں قائم وفاقی حکومت کی عمارات سے کی جائے اور بعد ازاں پورے ملک میں موجود سرکاری بلڈنگز کی سولرائزیشن کی جائے۔
وزیراعظم نے تاکید کی کہ گرمی کا موسم شروع ہونے سے پہلے سرکاری عمارات کی شمسی توانائی پر متقلی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی پر منتقلی سے سرکاری اداروں کے بجلی کے بلوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔