فرانس نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی کشیدگی کے دوران دو ایرانی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے اعلان کیا کہ دونوں ایرانی سفارت کاروں کو آئندہ چند روز میں فرانس سے نکال دیا جائے گا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ کے مطابق یہ اقدام تہران میں گزشتہ ماہ دو فرانسیسی سفارتی اہلکاروں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے ردعمل میں کیا جا رہا ہے۔ فرانس نے اس واقعے کو ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ ایران میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھا گیا تھا۔ فرانس نے الزام عائد کیا کہ انہیں سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔ دونوں اہلکار 23 جولائی کو فرانس واپس پہنچ گئے تھے۔
دوسری جانب ایران نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ مذکورہ دونوں فرانسیسی سفارتی اہلکاروں کو دوبارہ ایران واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ان اہلکاروں نے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی سول سوسائٹی سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔
فرانس کا تازہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود سفارتی تناؤ میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

