نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے ملک کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران شدید بارش، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور موسمی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوسکتی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے بہاؤ کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت مختلف علاقوں کو اچانک سیلاب کے ممکنہ خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، استور، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کے باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث دریائے سندھ، کابل، سوات، پنجکوڑہ، کرم، توچی، جہلم، چناب اور راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات سے باخبر رہیں۔

