پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم میں کھلاڑیوں کے نظم و ضبط اور طرزِ عمل سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس کا اندرونی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بورڈ کے مطابق یہ عمل پی سی بی کے مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت کیا جائے گا اور تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع دیا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پی سی بی نے 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا، جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا گیا۔ مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نظم و ضبط سے متعلق تحقیقات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ ٹیم کے اندر کسی کھلاڑی یا دیگر متعلقہ فرد کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں۔ تاہم پی سی بی نے تاحال کسی مخصوص کھلاڑی کے خلاف الزام یا کسی حتمی کارروائی کا اعلان نہیں کیا۔

