سابق پاکستانی کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سابق وزیراعظم اور 1992 ورلڈ کپ کے فاتح کپتان عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی۔
وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان کو صحت کے مسائل سے دوچار دیکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عمران خان کو بہترین ممکنہ طبی علاج فراہم کریں گے۔
وسیم اکرم نے عمران خان کے لیے جلد صحت یابی اور مکمل صحت کی دعا بھی کی۔ دونوں کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان کرکٹ کے سنہری دور سے ہے، جبکہ عمران خان کی قیادت میں وسیم اکرم نے 1992 ورلڈ کپ میں پاکستان کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یہ بیان عمران خان کی صحت سے متعلق ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں پیش کی گئی میڈیکل معلومات میں دائیں آنکھ کی بینائی تقریباً 15 فیصد رہ جانے کا ذکر کیا گیا تھا۔
وسیم اکرم کے علاوہ سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس اور دیگر سابق کرکٹرز نے بھی عمران خان کو فوری اور مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی تھی

