لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے عوام کی سہولت کے لیے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے وراثتی تنازعات میں لڑائی جھگڑوں
سے بچائو کیلئے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں۔ خاتون کی شوہر اور دیور سے دھمکیوں کی شکایت پر فیصل کامران نے ایس ایچ او شفیق آباد کو تحفظ دینے کا حکم دیا۔پراپرٹی ڈیلر کو رقم دینے کے باوجود مکان نہ ملنے کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او باٹا پور کو کارروائی کی ہدایت کی۔10لاکھ روپے دینے کے باوجود گروی مکان نہ ملنے کی شکایت پر انہوں نے ایس ایچ او سبزہ زار کو کارروائی کا حکم دیا۔ اسی طرح لین دین، فراڈ اور جعل سازی کی شکایات پر فیکٹری ایریا اور نشتر کالونی پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی۔منشیات فروشوں کی جانب سے موٹر سائیکل واپس نہ کرنے کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مصری شاہ کو تصدیق کے بعد کارروائی کا حکم دیا۔ کھلی کچہری میں پولیس اہلکاران بھی پیش ہوئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کرپشن کے الزامات والے اہلکار عوامی رابطے کی سیٹ پر تعینات نہ ہونگے۔کھلی کچہری میں اہلکار کی تعیناتی کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز نے سروس ریکارڈ طلب کر لیا۔ اہلکار کے سروس ریکارڈ میں کرپشن کی شکایت سامنے آنے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے تعیناتی سے انکار کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو عوامی رابطے کی ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔شہریوں کی شکایات پر قانون اور میرٹ کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو براہ راست ریلیف اور قانونی معاونت فراہم کرنا ہے۔
