بحرین کا ایران کے ساتھ آبنائے ہرمز اجلاس میں شرکت سے انکار
بحرین نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان ہونے والے مجوزہ اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ بحرینی حکام کے مطابق منامہ اس وقت تک ایران کے ساتھ کسی ایسے کثیرالجہتی اجلاس میں شریک نہیں ہوگا جب تک دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال نہیں ہوجاتے۔
یہ اجلاس پیر کو عمان میں ہونے کی تجویز ہے، جس میں ایران اور خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت اور سمندری سکیورٹی پر بات چیت کریں گے۔ عمان اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایران آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت کے لیے ایک ایسے انتظام کی خواہاں ہے جس کے تحت جہازوں سے فیس وصول کی جاسکے، تاہم عمان اس تجویز کی مخالفت کر رہا ہے۔ ایرانی حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پیر کے اجلاس میں کسی حتمی معاہدے پر دستخط کا امکان نہیں۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور حالیہ کشیدگی کے باعث یہاں جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھا ہے۔

