سعودی عرب کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے مکہ مکرمہ کے جنوب میں ایک حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کردیا۔ سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ ڈرون کو منگل کی شام اس وقت تباہ کیا گیا جب وہ مکہ کے ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ اور زائرین کی سلامتی سعودی عرب کیلئے ’’ریڈ لائن‘‘ ہے اور مزید حملوں کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ سعودی حکام کے مطابق یہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی دوسری کوشش تھی، اس سے قبل 2017 میں بھی ایک بیلسٹک میزائل کے واقعے کا ذکر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حوثی حکام نے مکہ مکرمہ یا کسی بھی اسلامی مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے اور سعودی دعوے کو مسترد کیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کے حملوں کے بعد سکیورٹی الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں بھی منگل کو ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری ہوا تھا، جسے چند منٹ بعد ختم کردیا گیا۔

