غزہ شہر کے مغربی علاقے میں جنگ کے دوران متاثر ہونے والی چھ منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 14 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔ عمارت میں بے گھر فلسطینی خاندان رہائش پذیر تھے۔
فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے سے 14 افراد کی لاشیں اور 25 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعہ غزہ سٹی کے الصناعہ علاقے میں واقع السادہ عمارت میں پیش آیا۔
فلسطینی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ عمارت کو جنگ کے دوران پہلے ہی بمباری سے نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد بدھ کی صبح یہ اچانک منہدم ہوگئی۔ ان کے مطابق تقریباً 100 افراد اب بھی ملبے تلے لاپتا ہیں اور امدادی ٹیمیں انہیں تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

