پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی ہے، جس کے بعد بھارتی طیارے 23 اکتوبر 2026 تک پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے اس حوالے سے نیا نوٹس ٹو ایئر مین (NOTAM) جاری کردیا۔
نئے نوٹس کے مطابق پابندی بھارت میں رجسٹرڈ تمام طیاروں کے علاوہ بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کے زیرِ ملکیت، زیرِ انتظام یا لیز پر لیے گئے طیاروں پر بھی لاگو ہوگی، جبکہ بھارتی فوجی پروازیں بھی پابندی کے دائرے میں شامل ہیں۔
پاکستان نے یہ فضائی پابندی پہلی مرتبہ اپریل 2025 میں عائد کی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے فضائی حدود سے متعلق پابندیوں میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی ہے۔ تازہ توسیع گزشتہ پابندی کی مدت ختم ہونے سے قبل جاری کی گئی ہے۔

