کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان کے علاقے بیکڑ کے میر غلام قادر بگٹی میموریل ہسپتال میں پہلی بار 100 بڑی سرجریز مکمل کرلی گئیں۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہسپتال میں ہنگامی اور پیچیدہ نوعیت کے کیسز سمیت 100 بڑی سرجریز کامیابی سے کی گئیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 بڑی سرجریز کی تکمیل ہسپتال کی طبی خدمات میں اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر سہولتوں کی دستیابی سے مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑ رہا۔ وزیرِاعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ میر غلام قادر بگٹی میموریل ہسپتال کی انتظامیہ اور تمام طبی ٹیم کی کاوشوں سے اہم سنگِ میل حاصل کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ بیکڑ ہسپتال میں 24 گھنٹے آپریشن تھیٹر فعال اور مریضوں کو جراحی کی سہولتیں دستیاب ہیں۔
