امریکی ریپر میکلمور نے ایڈ شیرن کے ٹور سے علیحدہ کیے جانے کے بعد ’فری فلسطین‘ ٹور کا اعلان کردیا۔ میکلمور نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ٹور کا آغاز اکتوبر میں یورپ سے ہوگا، جس میں 26 اکتوبر کو ڈبلن، 29 اکتوبر کو پیرس اور 30 اکتوبر کو لندن میں پرفارمنسز شامل ہیں۔
میکلمور کے مطابق ان شوز سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطینی عوام کی حمایت کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔ انہوں نے مزید امریکی تاریخوں اور دیگر فنکاروں کی شرکت کا اعلان بعد میں کرنے کا کہا ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میکلمور کو ستمبر میں نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں پرفارم کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں اظہارِ خیال کرنے کے بعد ایڈ شیرن کے امریکی ٹور کی باقی تاریخوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔ شیرن نے بعد میں کہا تھا کہ میکلمور کو ٹور سے ہٹانے کے فیصلے میں ان کا کردار نہیں تھا۔
میکلمور نے اپنے نئے ٹور کے اعلان میں کہا کہ وہ ایسے فنکاروں سے بھی رابطے میں ہیں جنہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فنکار اپنے پلیٹ فارم کو صرف تفریح تک محدود رکھنے کے بجائے سماجی معاملات پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

