لاہور (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی کفایت شعاری مہم سوالیہ نشان بن گئی، بلدیہ واربرٹن کے پٹرول اخراجات میں کئی گنا اضافہ ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں میں کفایت شعاری اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کی مہم کے باوجود میونسپل کمیٹی واربرٹن کے پٹرول کی مد میں اخراجات میں غیر معمولی اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی واربرٹن کی تعیناتی کے بعد پٹرول کے اخراجات، جو پہلے تقریبا چار سے پانچ لاکھ روپے تک رہتے تھے، بڑھ کر مبینہ طور پر سولہ لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں، جس پر شہری حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے حامل میونسپل ادارے میں پٹرول کی مد میں لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومت پنجاب سرکاری اداروں میں اخراجات کم کرنے اور کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایات جاری کر رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجوہات، گاڑیوں کے استعمال، لاگ بکس اور پٹرول کی خریداری کا ریکارڈ شفاف انداز میں سامنے لایا جائے تاکہ حقائق واضح ہو سکیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پٹرول کے اخراجات میں واقعی اس قدر اضافہ ہوا ہے تو متعلقہ حکام کو اس کی مکمل وضاحت کرنی چاہیے اور یہ بھی بتایا جائے کہ اضافی رقم کن سرکاری سرگرمیوں اور گاڑیوں کے استعمال پر خرچ ہوئی۔ اس سلسلے میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی واربرٹن سے موقف لینے کے لیے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔
