لاہور (آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی
آئی رہنما مبشر اعوان کی نظربندی کے خلاف درخواست نمٹادی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے مبشر اعوان کی نظر بندی کے خلاف ان کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس اکبر ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے استفسار کیا کہ آپ نے نظر بندی کا غیر قانونی نوٹیفکیشن کیسے جاری کیا؟ نوٹیفکیشن سے پہلے قانونی طریقہ کار کیوں نہیں اپنایا گیا؟ ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ مبشر اعوان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی رپورٹ پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔جسٹس اکبر ڈوگر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پولیس کی بات ایسے ہی مان لی؟ آپ نے اپنا دماغ کیوں استعمال نہیں کیا؟ عدالت کی برہمی پر ڈپٹی کمشنر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو مبشر اعوان کو رہا کرنے کا کہہ دیا ہے جس پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
