نیویارک (نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام
متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پریو این صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اسحق ڈار نے اجلاس کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن سے ملاقات کی اور جنرل اسمبلی کے صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔جمعے کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے ڈاکٹر خلیل الرحمن کو پاکستان کی حمایت اور تعمیری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنمائوں نے کثیرجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے صدر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور ادارے کے کام کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی مسلسل شمولیت کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالا کرشنان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی مفاد کے متنوع شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ مسلسل رابطے اور اعلیٰ سطح کے تبادلے دو طرفہ تعلقات کو گہرا کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مفاد کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دینے کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔دونوں وزرا نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ معالی ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی، جس میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی تیاریاں بھی شامل تھیں۔انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دو طرفہ و کثیر الجہتی فورمز پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انٹیگوا اینڈ باربوڈا کے وزیر خارجہ ای پی چیٹ گرین سے ملاقات کی جس دوران دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے تعلیم ، سفارتی تربیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے کثیر جہتی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے آئندہ دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے دوران دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا۔دولت مشترکہ سربراہ اجلاس نومبر 2026 میں سینٹ جانز انٹیگوا اینڈ باربوڈا میں ہوگا۔
اسحق ڈار
