ملتان (وقائع نگار) بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی آف لوڈنگ میں گزشتہ سال غیر معمولی اضافہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2025 کے دوران 73 ہزار 358 مسافروں کو بیرون ملک روانگی سے قبل آف لوڈ کیا گیا، جن میں تقریباً 45 ہزار مسافروں کو تکنیکی وجوہات جبکہ 28 ہزار سے زائد مسافروں کو دیگر وجوہات کی بنیاد پر سفر سے روکا گیا۔ گزشتہ 3 برس کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 47 ہزار 842 مسافر بیرون ملک روانگی سے قبل آف لوڈ کیے گئے۔ سال 2023 میں 35 ہزار 270، سال 2024 میں 39 ہزار 214 جبکہ 2025 میں آف لوڈ ہونے والے مسافروں کی تعداد بڑھ کر 73 ہزار 358 رہی ہے جبکہ رواں سال 2026 کے پہلے 7 ماہ میں تقریباً 65 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کی تعداد اور گزشتہ 2 سالوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی ہے۔ دستاویزات میں جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے مسافروں کی امیگریشن میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ مجموعی طور پر 23 ایف آئی اے افسران و اہلکار جعلی دستاویزات پر مسافروں کی امیگریشن میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 17 کا تعلق سیالکوٹ ایئرپورٹ سے تھا، جبکہ 3 اہلکار ملتان ایئرپورٹ، 2 پشاور ایئرپورٹ اور ایک اہلکار لاہور ایئرپورٹ سے وابستہ تھا۔ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا عمل محض اچانک یا غیر متوقع کارروائی نہیں بلکہ اس کے لیے ایک باقاعدہ اور منظم نظام موجود ہے۔ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں قائم رسک اینالیسز یونٹ مسافروں کے سفری ریکارڈ اور مختلف سفری رجحانات کا مسلسل جائزہ لیتا ہے۔حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور انسانی ٹریفکنگ سے متعلق معلومات، مشتبہ سفری سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاتا ہے، جس کے بعد متعلقہ مسافر کے حوالے سے مزید جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیلز سے حاصل ہونے والی معلومات کی مکمل جانچ اور تصدیق کے بعد ضروری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔بتایا گیا ہے کہ آف لوڈنگ کے عمل کا مقصد ایسے مسافروں کو بیرون ملک جانے سے روکنا بھی ہے جن کے سفری معاملات، دستاویزات یا دیگر متعلقہ معلومات میں قواعد و ضوابط کے مطابق مسائل موجود ہوں، جبکہ جعلی دستاویزات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کے لیے بھی امیگریشن نظام میں نگرانی کا عمل جاری رکھا جاتا ہے۔ جبکہ مسافروں کے دستاویزات کے لئے ایف آئی اے سرکلز آفس میں دفاتر بھی قائم کئے گئے تاکہ وہ پہلے جا کر اپنے ڈاکومنٹ تصدیق کروا سکے ان کو ایئرپورٹ پر روانگی سے قبل کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہوں۔
آف لوڈ
