مری(نمائندہ خبریں)اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) ارشد اقبال نے لاہور سے آنے والی آرکیٹیکٹ ٹیم کے ہمراہ تھیم پارک کے قیام کے لیے
ایکوائر کی گئی 20 کنال اراضی کا تفصیلی دورہ کیا اور مجوزہ پارک کے منصوبے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا اس موقع پر آرٹس کونسل کی اڑھائی کنال اراضی کو بھی مجوزہ پارک کے منصوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) ارشد اقبال نے لاہور سے آنے والی آرکیٹیکٹ ٹیم کے آرکیٹیکٹ شعیب احمد کو ایکوائر کی گئی اراضی کے مختلف حصے دکھائے اور مجوزہ تھیم پارک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ آرٹس کونسل کی موجودہ عمارت کو بھی ڈیمالش کیا جائے گا جس کے بعد آرٹس کونسل کی اڑھائی کنال اراضی بھی پارک کے منصوبے کا حصہ بن جائے گی یوں مجموعی طور پر تقریبا 22.5 کنال اراضی پر تھیم پارک تعمیر کیا جائے گا کیپٹن (ر) ارشد اقبال نے آرکیٹیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ مری کے پہاڑی جغرافیے اور سیاحتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پارک کا ڈیزائن تیار کیا جائے انہوں نے کہا کہ پہاڑ کی کٹائی اور لیولنگ اس انداز میں کی جائے کہ مجوزہ پارک مال روڈ کے لیول پر تعمیر کیا جا سکے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہتر اور کشادہ تفریحی سہولیات میسر آسکیں اس موقع پر آرکیٹیکٹ شعیب احمد اور دیگر ٹیم ممبران نے ایکوائر کی گئی اراضی کا تفصیلی معائنہ کیا زمین کی ساخت، موجودہ لیول اور اردگرد کے علاقے کا جائزہ لیا جبکہ مختلف مقامات کی تصاویر بھی بنائی گئیں تاکہ پارک کے مجوزہ ڈیزائن اور ماسٹر پلان کی تیاری میں ان معلومات کو شامل کیا جا سکے اسسٹنٹ کمشنر مری نے کہا کہ تھیم پارک کا منصوبہ مری میں سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے تفریحی سہولیات میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا منصوبے کی تیاری کے دوران مری کے قدرتی ماحول پہاڑی ساخت اور شہر کی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے گا ذرائع کے مطابق مجوزہ تھیم پارک کے لیے اراضی ایکوائر کرنے کے بعد اب منصوبے کے ڈیزائن اور دیگر تکنیکی امور پر کام آگے بڑھایا جا رہا ہے جبکہ لاہور سے آنے والی آرکیٹیکٹ ٹیم کے دورے کا مقصد موقع پر موجود زمینی صورتحال کا جائزہ لے کر پارک کے عملی ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کے لیے ضروری معلومات حاصل کرنا تھا۔
